film
چھتیس گڑھ میں سنی لیون کے نام پر 1000 روپے کی سرکاری خیرات وصول کرنے کا واقعہ
بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ سے ایک دلچسپ واقعہ سامنے آیا ہے جہاں سرکاری اسکیم کے تحت سنی لیون 1000 روپے ماہانہ کی امداد وصول کرتی پائی گئی ہیں۔
مشہور اداکارہ کے نام سے یہ امداد مبینہ طور پر ایک دھوکے باز حاصل کر رہا ہے۔ اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس فراڈ کے سرکاری کھاتے میں سنی لیون کے شوہر کا نام جونی سنس درج ہے۔
ذرائع کے مطابق چھتیس گڑھ میں ایک مبینہ دھوکے باز اداکارہ سنی لیون کے نام پر ایک آن لائن اکاؤنٹ کھول کر سرکاری امداد کے 1,000 روپے وصول کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ یہ رقم حکومت کی ’’مہاتری وندن یوجنا‘‘ کے تحت ریاست میں شادی شدہ خواتین کو ماہانہ تقسیم کی جاتی ہے۔
ریکارڈ میں اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے کا نام سنی لیون اور شوہر کا نام جونی سنس درج ہے۔ مدد کی یہ درخواست بستر ضلع کے تلور سیکٹر میں ’’آنگن واڑی‘‘ (پنجایت) کی سطح پر موصول ہوئی تھی۔ فائل میں آنگن واڑی اور ایک سپروائزر کے ذریعے ’’تصدیق شدہ‘‘ کا ذکر ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس شخص نے دس مہینوں یعنی مارچ سے دسمبر تک امدادی رقم وصول کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ضلع بستر کے کلکٹر حارث ایس کا کہنا ہے کہ ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ جبکہ ایک سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ اگر ضلعی انتظامیہ سے کوئی شکایت موصول ہوئی تو کارروائی کی جائے گی۔