news
سانحہ 9 مئی: پی ٹی آئی مجرموں کے اعترافی بیانات
سانحہ 9 مئی کے مجرموں نے اپنے اعترافی بیانات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوج مخالف تقاریر کو ذمہ دار قرار دیا۔ پاک فوج کے ترجمان (آئی ایس پی آر) نے تمام مجرموں کے اعترافی بیانات جاری کر دیے۔ اپنے بیانات میں مجرموں نے پارٹی کے دیگر رہنماﺅں کے اکسانے کو بھی 9 مئی کے واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ جناح ہاوس حملے میں ملوث پی ٹی آئی کے شرپسند جان محمد خان کو 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
اپنے اقرار جرم میں جان محمد خان نے اعتراف کیا کہ وہ جناح ہاوس پر حملے میں شامل تھا اور اس نے ملٹری یونیفارم کی شرٹ پہن کر ویڈیو بنائی اور پھر اس شرٹ کو جلا دیا۔ پی ٹی آئی کے شدت پسند شان علی کو بھی 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔
مجرم علی شان نے اپنے اقرار جرم میں کہا کہ عمران خان کی آرمی مخالف تقاریر نے میری ذہن سازی کی۔ جب عمران خان کی گرفتاری ہوئی تو سیاسی رہنماﺅں کے ورغلانے پر میں نے جناح ہاوس پر حملہ کیا۔ میں نے جناح ہاوس میں جا کر توڑ پھوڑ کی۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے شرپسند داود خان کو بھی جناح ہاوس حملے میں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے۔ مجرم داود خان نے بھی اپنے اعتراف جرم میں بتایا کہ میں نے یاسمین راشد اور حسان نیازی کے اکسانے پر جناح ہاوس پر حملہ کیا۔ تقاریر کے ذریعے ہمارے ذہنوں میں فوج کے خلاف نفرت بھری گئی۔