news
پاکستان نے جنوبی افریقہ میں ون ڈے سیریز جیت کر تاریخ رقم کردی
پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کو ون ڈے سیریز میں شکست دے کر تاریخ رقم کردی۔ کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے 330 رنز کا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 248 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ کپتان محمد رضوان نے 80 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد رضوان اب وہ واحد پاکستانی کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ دونوں ممالک میں ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔
پاکستان کی اننگز میں کامران غلام نے اختتامی اوورز میں دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 5 چھکوں کی مدد سے 32 گیندوں پر 63 رنز بنائے، جو پروٹیز کی سرزمین پر کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔
جنوبی افریقی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی ٹیم 49.5 اوورز میں 329 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔ بابر اعظم نے 73، صائم ایوب نے 25، اور سلمان علی آغا نے 33 رنز بنائے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے کوینا مفاکا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مارکو یانسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ فتح پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، اور محمد رضوان کا نام عظیم پاکستانی کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔