news
کرپشن کا خاتمہ اور معاشی بہتری کی جانب حکومتی اقدامات: خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اگر ملک میں کرپشن کا صرف 50 فیصد خاتمہ ہو جائے تو ہمیں آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس میں صنعتکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، مگر تمام معاشی اشاریے مثبت آ رہے ہیں اور مہنگائی سنگل ڈیجٹ تک پہنچ گئی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کرپشن ہمارے ملک کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے اور حلال و حرام کی تمیز ختم ہو چکی ہے۔ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی سمگلنگ اور کسٹمز میں کرپشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کلکٹرز اپنی پوسٹنگ کے لیے کروڑوں کی رشوت دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے سنگاپور جیسے ماڈلز کو اپنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ سیالکوٹ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نجی شراکت داری سے ایئرپورٹ اور ایئرلائن کا قیام منفرد کامیابی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ اسٹاک مارکیٹ مثالی کارکردگی دکھا رہی ہے اور دیگر معاشی اشاریے بھی بہتر ہو رہے ہیں۔ مایوسی کے دور سے نکل چکے ہیں، مگر ابھی کئی رکاوٹیں عبور کرنی باقی ہیں۔ حکومت صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔