news

پاکستان کا امریکی پابندیوں پر سخت ردعمل، متعصبانہ اقدام قرار

Published

on


پاکستان نے نیشنل ڈویلپمنٹ کمپلیکس اور تین تجارتی اداروں پر امریکی پابندیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے متعصبانہ اور خطے کے اسٹریٹجک استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ یہ پابندیاں بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے عائد کی گئیں جو خطے میں فوجی عدم توازن پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد خودمختاری کا تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ پاکستان کا میزائل پروگرام طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ہے اور اس پر پاکستانی عوام کی مقدس امانت کے طور پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان کے تجارتی اداروں پر پابندیاں بغیر ثبوت کے لگائی گئیں، جو افسوسناک ہیں۔ امریکی اقدام خطے اور عالمی امن کے لیے خطرناک مضمرات رکھتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکہ کا دوہرا معیار اور دوسرے ممالک کو جدید فوجی ٹیکنالوجی فراہم کرنا امن و سلامتی کے اصولوں سے انحراف ہے۔ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا اور اپنی اسٹریٹجک صلاحیتوں کا تحفظ کرے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version