news
لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی کو قوم کا خراج عقیدت
وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید (نشانِ حیدر) کے 53 ویں یومِ شہادت کے موقع پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وطن کی حفاظت اور دفاع کی خاطر اپنی جان قربان کرنے کا جذبہ نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 1971ء کی جنگ میں واہگہ بارڈر پر بے مثال جوانمردی دکھانے والے لانس نائیک محمد محفوظ نے دشمن کی عددی برتری کو ناکام بناتے ہوئے اپنی جان قربان کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ شہید محمد محفوظ نے فرض شناسی اور حب الوطنی کی وہ مثال قائم کی جس نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم کو پاک فوج کے شہدا اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے۔ پاکستانی قوم اپنے شہدا کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی لانس نائیک محمد محفوظ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائے گی۔ 1971ء کی جنگ میں ان کی شجاعت اور بہادری بے مثال تھی، جس نے دفاعِ وطن کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ایاز صادق نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید کی قربانی اور دیگر شہدا کی بے مثال خدمات ہمیشہ قوم کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ تمام شہدا کے درجات بلند کرے۔
شہید محمد محفوظ کی قربانی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔ ان کی عظیم قربانی پاک فوج کے بہادر جوانوں کی ثابت قدمی اور حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔