news

وفاقی وزراء کا اپوزیشن سے مذاکرات اور میٹھا جواب دینے کا عندیہ

Published

on

اسلام آباد:
وفاقی وزراء نے قومی اسمبلی اجلاس میں اپوزیشن سے مذاکرات اور افہام و تفہیم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پہلی دفعہ پی ٹی آئی سے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آیا ہے، اور اپوزیشن کو مٹھاس کی صورت میں میٹھا جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 سے اب تک اس ہاؤس نے بہت تلخی دیکھی ہے، لیکن آج شیر افضل مروت کی باتوں میں خوشگوار پہلو تھا، اور پی ٹی آئی کی طرف سے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں سائیڈز کو افہام و تفہیم کے ساتھ بات کرنی چاہیے تاکہ بہت سے مسائل حل ہوں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مذاکرات کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، اور پیشگی شرائط پر بات چیت ممکن نہیں۔ انہوں نے دھمکیوں کے بجائے محبت اور پیار سے بات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے شہید ہونے کی مذمت ہونی چاہیے۔

وزیر دفاع نے پاراچنار اور کرم کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہاں زمین کے جھگڑے نے شیعہ سنی فساد کی شکل اختیار کر لی ہے، جس کے نتیجے میں کئی معصوم لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ انہوں نے خیبرپختونخواہ حکومت سے کہا کہ وہ اسلام آباد کے مسائل کے ساتھ اپنے صوبے کی صورتحال پر بھی غور کرے۔

دوسری جانب رانا ثناء اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اسمبلی میں اپوزیشن کی سیٹ پر جا کر ہاتھ ملایا اور کہا کہ وہ ہر مسئلے پر بات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت کی طرف سے مذاکرات کی بات معمولی بات نہیں ہے اور اپوزیشن کو میٹھے انداز میں جواب دیا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version