news
کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چترموس (چاؤموس) چترال میں جاری، سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد
چترال کی کیلاش وادی میں کیلاش قبیلے کا مذہبی تہوار چترموس (چاؤموس) اپنی تمام تر رنگینی اور رعنائیوں کے ساتھ جاری ہے، جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے سیاحوں کی آمد جاری ہے۔ یہ تہوار موسم سرما کے لیے خوشی اور امن کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے اور کیلاش کی تینوں وادیوں رمبور، بریر اور بمبوریت میں اس کی تقریبات ہو رہی ہیں۔
چاؤموس تہوار کی انفرادیت اور دلکشی دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہے۔ اس تہوار کے دوران بون فائر کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جہاں بچے اور بچیاں چھوٹی چھوٹی پتیاں اٹھا کر گانے گاتے ہوئے مختلف رسوم ادا کرتے ہیں۔ تہوار کے دوران آپس میں پیار و محبت کا پیغام دینے کے لیے پھل، سبزیاں اور خشک میوہ جات تقسیم کیے گئے۔
اس تہوار میں شیشائو، منڈاہیک اور شارا بیرایک جیسے مختلف رسوم ادا کیے گئے، جن میں شارا بیرایک کی رسم میں گندم سے بکری، مارخور، دنبے اور مختلف جانوروں کے مجسمے تیار کیے گئے۔
فیسٹیول میں سیاحوں کی سہولت کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے گئے ہیں۔ ٹورازم پولیس کے جوان فیسٹیول کے دوران سیاحوں کو ہر قسم کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔ ڈی جی ٹورازم تاشفین حیدر نے بتایا کہ ٹورازم پولیس لواری ٹنل اور کیلاش جانے والے راستوں پر ڈیوٹی دے رہے ہیں، اور سیاح کسی بھی قسم کی معلومات کے لیے ٹورازم ہیلپ لائن 1422 سے رابطہ کر سکتے ہیں۔