news
پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان، سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے آئندہ 15 روز کے لیے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ وزارت خزانہ کے مطابق پٹرول کی قیمت برقرار رکھی گئی ہے اور یہ 252 روپے 10 پیسے فی لٹر پر دستیاب ہوگا۔ تاہم، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 255 روپے 38 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسی طرح، لائٹ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 78 پیسے کم کرکے 148 روپے 95 پیسے فی لٹر اور مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 32 پیسے کم کرکے 161 روپے 66 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی سالانہ 396 ارب روپے کی سمگلنگ کا انکشاف ہوا ہے، جو ملک میں سمگلنگ کے مجموعی حجم 750 ارب روپے کا حصہ ہے۔ اس میں دیگر اشیاء جیسے تمباکو، ٹائرز، گاڑیاں، چائے اور موبائل فونز بھی شامل ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ حکومت نے غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کرنے اور پٹرولیم قوانین میں ترامیم کی تیاری شروع کر دی ہے۔
سمگل شدہ ایندھن کے خلاف اقدامات اور قیمتوں میں کمی کی وجہ سے نومبر 2024 میں پٹرولیم مصنوعات کی فروخت 1.58 ملین ٹن تک پہنچ گئی، جو گزشتہ سال 1.37 ملین ٹن تھی۔