news
رانا ثناءاللہ: پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے خود ان کا بیڑا غرق کیا
فیصل آباد میں نڑوالا روڈ بائی پاس پر ریسکیو 1122 کے سب سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے پی ٹی آئی کی سیاست کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی ضرورت نہیں کیونکہ ان کا اپنا سوشل میڈیا ان کی تباہی کا سبب بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر توجہ دے رہی ہیں اور صحت کی سہولیات ان کی اولین ترجیح ہے۔ شہباز شریف کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کو گاؤں سے شہر میں بدل دیا گیا اور اگر 2018 میں خرابی نہ ہوتی تو پاکستان جی 20 ممالک میں شامل ہوتا۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ ملک کو نفرت کے بجائے بھائی چارے کی بنیاد پر چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے خود ان کی سیاست کا بیڑا غرق کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب کی 2019ء کی ویڈیو کو حالیہ واقعے کے طور پر پیش کیا گیا، جو غیر ذمہ دارانہ عمل ہے۔
وفاقی مشیر نے کہا کہ 17 تاریخ کو پارلیمنٹ کا اجلاس ہوگا اور معاملات بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ معاشی بحران کے حوالے سے انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں عوام کو اچھی خبریں ملیں گی۔