news
علی امین گنڈاپور: گولی چلانے اور حکم دینے والوں کو جواب دینا ہوگا
پشاور میں ڈی چوک شہداء اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم سوال اٹھائیں گے کہ گولی کیوں چلائی گئی؟ کس کے حکم پر چلائی گئی؟ انہوں نے عزم کیا کہ گولی چلانے اور حکم دینے والوں کو بے نقاب کریں گے اور انہیں جواب دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا، “ہمارے وہ عظیم شہداء جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ میں پوری قوم کی طرف سے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں۔” علی امین گنڈاپور نے وعدہ کیا کہ حقیقی آزادی کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
وزیر اعلیٰ نے قانون شکن سیاست دانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، “فرعون نے بھی تکبر کیا تھا، تمہارا انجام قریب ہے۔ تمہیں اپنے عمل کا حساب دینا ہوگا۔” انہوں نے گولی چلانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ان پر دنیا اور آخرت میں سکون حرام ہوگا اور اللہ انہیں عبرت کا نشان بنائے گا۔
انہوں نے کہا، “یہ بچے قوم کے بچے تھے، کل یہی ظلم تمہارے اپنے گھر تک بھی پہنچ سکتا ہے۔ اسلام، حق اور سچ کا بول بالا ہوگا۔” وزیر اعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ شہداء کے اہل خانہ کو صبر دے اور ان کی قربانیوں کو قبول فرمائے۔
علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر عہد کیا کہ انصاف کے قیام تک وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اس تحریک کو جاری رکھیں گے۔