news
نادرا کے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار احمد جعلی ڈگری ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف
اسلام آباد: نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے ڈائریکٹر جنرل ذوالفقار احمد کو جعلی ڈگری ثابت ہونے پر ملازمت سے برطرف کر دیا۔
ذرائع کے مطابق ذوالفقار احمد کی ایم بی اے ڈگری پر سوالات اٹھائے گئے تھے، جس میں انکشاف ہوا کہ ڈگری پر دستخط کرنے والے شخص اس وقت جارج میسن یونیورسٹی امریکا کے صدر نہیں تھے۔ مزید تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ان کی بی بی اے ڈگری میں شامل کالج کا نام ڈگری کے اجرا کے وقت مختلف تھا۔
نادرا نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے درخواست کی کہ ان ڈگریوں کی تصدیق کی جائے۔ ایچ ای سی نے انکوائری مکمل کر کے نادرا کی فراہم کردہ معلومات کی توثیق کی اور ان ڈگریوں کو جعلی قرار دیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بھی ایچ ای سی کے فیصلے کو برقرار رکھا اور مساوی ڈگری کی منسوخی کا حکم دیا۔
ذوالفقار احمد کو نادرا کی جانب سے اظہارِ وجوہ کا نوٹس بھیجا گیا، لیکن وہ کوئی تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے۔
چیئرمین نادرا نے ہائی کورٹ کے فیصلے اور نوٹس کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے تادیبی کارروائی کرتے ہوئے ذوالفقار احمد کو برطرف کرنے کا حکم دیا۔
یہ فیصلہ نادرا میں شفافیت اور میرٹ کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے، جس کا مقصد ادارے کی ساکھ کو برقرار رکھنا ہے۔