news
لاہور کو پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے ہواوے کے ساتھ معاہدہ
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دورہ چین کے موقع پر لاہور کو پاکستان کا پہلا اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے ہواوے کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ہواوے ٹیکنالوجیز کے شنگھائی دفتر کا دورہ کیا، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملاقات میں ڈیجیٹل پنجاب کے ویژن پر تبادلہ خیال ہوا، جس کے تحت ہواوے کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں آفس قائم کرنے اور پنجاب میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کی گئی۔
ملاقات میں ای کامرس، صحت، تعلیم، اور دیگر شعبوں کی ڈیجیٹلائزیشن پر غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہواوے کے تعاون سے پنجاب میں سیف سٹی پراجیکٹس اور پہلی مکمل اے آئی یونیورسٹی کے قیام پر زور دیا۔
ہواوے گورنمنٹ افیئرز کے صدر مسٹر وانگ چینگ ڈونگ نے وزیر اعلیٰ کو ہواوے کے پاکستان میں جاری منصوبوں اور ان کی کامیابیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے میدان میں پنجاب کے نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے ہواوے کی مہارتوں سے فائدہ اٹھانے کا عزم ظاہر کیا۔
ملاقات میں ہواوے کے ساتھ لاہور کو ماڈرن ڈیجیٹل سٹی میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہواوے کی مدد سے پنجاب کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں تربیت فراہم کی جائے گی اور صوبے کو ڈیجیٹل ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔
ہواوے کے تعاون سے لاہور میں پہلا سیف سٹی پراجیکٹ کامیابی سے مکمل ہوچکا ہے، اور اس شراکت داری کے ذریعے ڈیجیٹل پنجاب کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔