news
گوگل کا نیا کوانٹم کمپیوٹر متعارف، مستقبل کے لئے انقلابی قدم
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنا نیا کوانٹم کمپیوٹر متعارف کرا دیا ہے، جو مستقبل میں ادویات کی دریافت اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس جیسے شعبوں میں انقلابی تبدیلی کا سبب بن سکتا ہے۔ پیر کے روز متعارف کرائے گئے اس کمپیوٹر کے بارے میں گوگل کا کہنا ہے کہ یہ کمپیوٹر چپ وِلو پر مبنی ہے، اور اس کو ایسی پیچیدہ ریاضی کی کیلکیولیشن حل کرنے میں صرف پانچ منٹ سے کم وقت لگتا ہے جو دنیا کے سب سے طاقتور سپر کمپیوٹر کو 10 کھرب کھرب برسوں میں بھی حل نہیں کر پاتے۔
کوانٹم کمپیوٹنگ ایک نئی اور تجرباتی ٹیکنالوجی ہے، لیکن گوگل کا یہ کارنامہ اس بات کا غماز ہے کہ سائنس دان بتدریج ان تکنیکوں میں بہتری لا رہے ہیں جو کوانٹم کمپیوٹنگ کو عملی سطح پر ممکن بنا سکیں۔
ہارورڈ یونیورسٹی کے فزکس کے پروفیسر اور کوانٹم کمپیوٹنگ اسٹارٹ اپ “کیو ایرا” کے شریک بانی میخائل لیوکِن کا کہنا تھا کہ جب کوانٹم کمپیوٹنگ کا تصور پیش کیا گیا تھا، تو بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ یہ کبھی بھی عملی نہیں بن سکے گا، لیکن گزشتہ برسوں میں جو کچھ ہوا، اس نے اس تصور کو محض سائنس فکشن سے باہر نکال کر حقیقت بنا دیا ہے۔