news
بھارتی اداکار مشتاق خان اغوا، 12 گھنٹوں تک یرغمال اور تشدد کا شکار
بھارتی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار مشتاق خان، جنہوں نے حال ہی میں فلم “استری” میں کام کیا، کو اغوا کرکے 12 گھنٹوں تک یرغمال رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اغواکاروں نے ان سے 1 کروڑ روپے تاوان طلب کیا جبکہ ان کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے بھی نکلوا لیے۔
یہ واقعہ 20 نومبر کو بھارتی ریاست اتر پردیش میں پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق مشتاق خان کو 15 نومبر کو راہول سینی نامی شخص نے فون کرکے میرٹھ میں ایک تقریب میں مدعو کیا تھا۔ مشتاق خان، جو ایسی تقریبات میں شرکت کے عادی ہیں، نے اس دعوت کو معمول سمجھتے ہوئے قبول کیا۔ دعوت دینے والے نے پیشگی 25 ہزار روپے ادا کیے اور ممبئی سے دہلی کا ایئر ٹکٹ فراہم کیا۔
دہلی پہنچنے کے بعد مشتاق خان کو راہول سینی کی جانب سے بھیجی گئی ٹیکسی میں بٹھایا گیا، لیکن کچھ دیر بعد انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کر دیا گیا، جس میں مزید چار افراد موجود تھے۔ اداکار کو ایک مکان میں لے جا کر تشدد کیا گیا اور رہائی کے لیے 1 کروڑ روپے تاوان طلب کیا گیا۔
اغواکار رات کے وقت شراب نوشی کے بعد مکان چھوڑ کر چلے گئے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مشتاق خان فرار ہو کر قریبی مسجد پہنچے اور امام کی مدد سے اپنے اہلخانہ سے رابطہ کیا۔
مشتاق خان کے منیجر نے ان کی طبیعت خراب ہونے کے باعث پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
یہ خبر بھارتی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، اور صارفین نے فنکاروں کے اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔