news
ژوب میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 15 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 15 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشن خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس دوران بہادری کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے پاک فوج کے سپاہی عارف الرحمان نے جام شہادت نوش کیا۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کی موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے اور ملک میں امن قائم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہماری قومی سلامتی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہیں اور ان کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یہ کامیاب آپریشن پاکستان میں دہشتگردی کے خاتمے کی جدوجہد میں ایک اہم پیشرفت ہے۔ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہے