news
پشاور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی راہداری ضمانت منظور کر لی
پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی 3 ہفتوں کے لیے راہداری ضمانت منظور کر لی۔ سلمان اکرم راجہ نے عدالت میں پیش ہو کر مؤقف اختیار کیا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے خلاف کس کیس میں شکایت درج کی گئی ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے سوال کیا کہ آیا وہ قومی اسمبلی کے رکن ہیں، جس پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ فارم 45 کے مطابق وہ رکن قومی اسمبلی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کی بھی راہداری ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے اسد قیصر کو 31 دسمبر تک درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ اسد قیصر کے وکیل کے مطابق ان کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں۔ عدالت نے ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت کے دوران متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں۔
اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کی راہداری ضمانت بھی منظور کی تھی۔ عدالت نے پولیس کو عمر ایوب کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔ عمر ایوب نے عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری پر توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی تھی۔
پشاور ہائیکورٹ نے ان تمام کیسز میں پولیس کو ہدایت کی کہ درخواست گزاروں کو عدالت کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جائے اور عدالتی احکامات پر سختی سے عمل کیا جائے