news
مائرہ خان نے اپنی اصل عمر کا انکشاف کر دیا
حال ہی میں اداکارہ مائرہ خان نے آمنہ حیدر عیسانی کے پوڈکاسٹ میں کئی موضوعات پر گفتگو کی جن میں سے ایک اہم ذہنی صحت بھی تھا جب کہ اس دوران اداکارہ نے ایک بار پھر ذہنی مسائل کا شکار ہونے کا اعتراف بھی کیا۔
ماہرہ نے لوگوں کو مشورہ بھی دیا کہ اگر آپ کسی ذہنی بیماری سمیت کسی بھی اور بیماری میں مبتلا ہیں تو اس میں شرمندگی ہرگز محسوس نہ کریں اور اس کا حل جلد از جلد ڈھونڈ لیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ اب جلد ہی وہ 40 برس کی ہو جائیں گی لیکن انہیں آج بھی اچھی طرح وہ وقت یاد ہے جب وہ 30 سال کی ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ اب میں سوچتی ہوں کہ مجھے اپنی صحت کا اس وقت خیال رکھنا چاہیے تھا جب میں 30 سال کی ہوئی تھی، خواتین کو خاص طور پر اپنی صحت کا بہت ہی زیادہ خیال رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ماہرہ خان نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ ذہنی مسائل اور ڈپریشن کا شکار ہوں، ایسے افراد کو شرمندگی کو چھوڑ کر صرف ڈاکٹرز اور ماہرین کے پاس جانا چاہیے اور اپنے ارد گرد موجود لوگوں سے بھی بات کرنی چاہیے، لوگوں کو سمجھنا چاہیے کہ ڈپریشن شرمندگی نہیں بلکہ ایک بیماری ہے جس کا علاج موجود ہے، اس کی ادویات ہیں اور اسے بہتر بنانے کے لیے ماہرین بھی موجود ہیں، اس لیے ہر کسی کو اس پر بات کرنی چاہیے۔
اداکارہ نے یہ اعتراف بھی کیا کہ جب ان کی حالت بہت زیادہ خراب تھی تو ادویات نے ہی ان کی سب سے زیادہ مدد بھی کی، اس کے بعد روحانی تسکین اور لوگوں کی مدد نے ہی انہیں ڈپریشن سے نکلنے میں مدد فراہم کی۔
ماہرہ کا کہنا تھا کہ ڈپریشن کے وقت وہ ہر وقت دعائیں مانگتی رہتی تھیں، اور اللہ کے قریب ہوگئی تھیں جب کہ مشکل وقت میں انہیں ان کے بہترین دوستوں، اہلخانہ اور بیٹے اذلان کی مدد بھی حاصل رہی تھی۔