news

وی پی این کی رجسٹریشن کے نئے اقدامات :30 لاکھ فری لانسرز متاثر ہونے کا خدشہ چیئرمین (پاشا)

Published

on

پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا) کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ سید نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کے مسائل اور وی پی این کی رجسٹریشن کے نئے اقدامات کے باعث بڑی آئی ٹی کمپنیوں نے پاکستان سے باہر جانے کی منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وی پی این کی رجسٹریشن کے لیے ایک نیا سسٹم متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ہر یوزر کو اس بات کا انکشاف کرنا ہوگا کہ وہ کہاں سے اسٹیٹک آئی ڈی حاصل کر رہا ہے، اور پی ٹی اے اسے اجازت دے گا۔
سجاد مصطفیٰ سید نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری اس سسٹم کو مؤثر طریقے سے استعمال نہیں کر پائے گی کیونکہ جب بھی کوئی شخص رجسٹریشن کے لیے کوشش کرتا ہے، اسے ایک نیا آئی پی ایڈریس ملتا ہے اور رجسٹر ہونے میں تقریباً 8 گھنٹے لگتے ہیں۔ اس سے ملک کے تقریباً 30 لاکھ فری لانسرز متاثر ہوں گے، جو ماہانہ 100 سے 200 ڈالر کماتے ہیں۔ ان فری لانسرز کو اس عمل میں اتنا وقت ضائع کرنے پر کام نہیں ملے گا، اور جب تک وہ پی ٹی اے کی اجازت نہیں حاصل کرتے، کام کا سلسلہ رک جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں کوئی بھی کمپنی ایسے افراد کو کام دینے کے لیے تیار نہیں ہوگی، جس سے پاکستان کی آئی ٹی صنعت کو شدید نقصان ہو سکتا ہے۔چیئرمین پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن (پاشا)، سجاد مصطفیٰ سید نے وی پی این کی رجسٹریشن کے نئے نظام پر مزید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا ایک اور بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جب پاکستانی فری لانسرز وی پی این کے ذریعے غیر ملکی کمپنیوں سے کام کرتے ہیں تو یہ کمپنیاں اس بات کو یقینی بناتی ہیں کہ درمیان میں کوئی تیسرا فریق نہ ہو جو ان کی معلومات تک رسائی حاصل کرے۔ اگر انہیں یہ علم ہوتا ہے کہ پی ٹی اے کے ذریعے ایک تیسری قوت دونوں فریقین کی سرگرمیوں کو مانیٹر کر رہی ہے، تو وہ فوری طور پر معاہدے ختم کر دیں گے۔ سجاد مصطفیٰ سید نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کو جو نقصان ہو سکتا ہے، اس کا محتاط اندازہ ایک ارب ڈالر کے قریب بنتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وی پی این کی رجسٹریشن کا یہ طریقہ پاکستان میں قابل عمل نہیں ہے اور اگر یہ نافذ بھی ہو جائے تو یہ قومی سلامتی کے مسائل کو حل نہیں کرتا۔ ان کے مطابق، اگر کوئی شخص دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہو سکتا ہے، تو وہ وی پی این رجسٹر بھی کرا سکتا ہے اور اس کی نیت کا کسی کو علم نہیں ہوتا۔ سجاد مصطفیٰ سید نے کہا کہ دہشتگردی کے مسائل عالمی سطح پر ہیں اور اس میں پاکستان بھی متاثر ہے، لیکن ان مسائل کو حل کرنے کے لیے اس طرح کے اقدامات کا طریقہ غلط ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب وی پی این رجسٹرڈ ہوتا ہے، تو ڈیٹا ایک محفوظ طریقے سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے، اور اس کے ذریعے وی پی این استعمال کرنے والوں کو پکڑنا اتنا آسان نہیں ہوتا۔ اس لیے یہ نظام قومی سلامتی کے لیے اتنا مؤثر ثابت نہیں ہو سکتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version