news
توشہ خانہ ٹو کیس: عمران خان کی ضمانت منظور
اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ عدالت نے 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض یہ ضمانت منظور کی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کے دوران ایف آئی اے کے الزامات کا جائزہ لیا اور کیس کے مختلف پہلوؤں پر سوالات اٹھائے۔ عمران خان کے وکیل، بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے مؤکل پر جعلی رسیدوں اور ذاتی مفاد کے لیے اثر و رسوخ استعمال کرنے کا الزام ہے، لیکن استغاثہ نے کسی واضح جرم یا مرکزی ملزم کی نشاندہی نہیں کی۔
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جیولری سیٹ توشہ خانہ میں جمع نہیں کرایا گیا، جس سے ریاست کو نقصان ہوا۔ اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ جیولری سیٹ کا تخمینہ کس طرح لگایا گیا اور کسٹمز افسران کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟
عدالت نے کہا کہ پچھلی حکومت توشہ خانہ کی تفصیلات خفیہ رکھتی تھی، لیکن اب ان معاملات پر شفافیت ضروری ہے۔ دوران سماعت، ایف آئی اے نے بشریٰ بی بی کی عدالت میں پیش نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا۔
وقفے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ان کی رہائی کا حکم دیا