news
غزہ میں نسل کشی کو فوری بند کرنے کے لیے اقوام عالم اپنا کردار ادا کرے، ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے تعلقات کی مشترکہ خوبی اندرونی معاملات میں عدم مداخلت ہے
ہفتہ وار بریفنگ میں ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف دونوں نے نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا دونوں پرانے دوست اور شراکت دار ہیں، دونوں ممالک ایک دوسرے کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر مبنی تعلقات کے حامل ہیں۔
ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان نے غزہ میں فوری فائر بندی کا مطالبہ کر تے ہوئےکہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو طرفہ ریاستی حل کا حامی ہے۔
ترجمان کے مطابق غزہ میں نسل کشی کو فوری بند کرنے کے لیے اقوامِ عالم کواپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور غزہ میں اسرائیل کی طرف سے نسل کشی کی جنگی جرائم کے تحت فوری تحقیقات ہونی چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اقوامِ متحدہ کی غزہ کی صورتِ حال کے حوالےسے رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں، ان حملوں سے فوری طبی امداد کے طلب گار فلسطینیوں کو امداد کے حصول میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتِ حال پر گفتگو کے دوران ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ ہمیں حریت رہنما یاسین ملک کی خراب صحت پر شدید تحفظات ہیں، ان کے خلاف جعلی کیسز تیار کیے گئے ہیں، ہم بھارتی انتظامیہ سے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔