news
سموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند کرنا حل نہیں، آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن
آل پاکستان سکولز فیڈریشن کے رہنما کاشف مرزا نے کہا ہے کہ سموگ کے باعث تعلیمی ادارے بند کر دینا بہتر حل نہیں کیونکہ اس سے اداروں میں مڈ ٹرم امتحانات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سموگ کے باعث لاہور کے تعلیمی ادارے ایک ہفتہ کے لیے( پلے گروپ سے پرائمری تک) بند کر دیے گئے ہیں رد عمل کے طور پر نجی سکول کے حوالے سے آل پاکستان پرائیویٹ اسکول فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا کہ پنجاب حکومت کو سکول بند کرنے کی بجائے گرین سکولز، گرین انرجی کو فروغ دینا چاہیے نیز صوبوں میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، انڈسٹریز پر ایک ماہ کے لیے پابندی لگا دینی چاہیے نجی سکولز میں سموگ کے تدارک کے طور پر پہلے ہی اوقات کار میں تبدیلی لائی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ لاہور میں سموگ کے باعث پرائمری سکولوں میں چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جو کہ صوبائی محکمہ تعلیم کی طرف سے جاری ہوا جس کے مطابق چار نومبر سے نو نومبر تک پرائمری سکولز کو بند کر دیا گیا تھا یہ فیصلہ خراب ایئر کوالٹی انڈیکس کے باعث کیا گیا تھا۔