news
تحریک انصاف کا ملک گیر احتجاج منسوخ، نئی حکمت عملی کا اعلان
تحریک انصاف نے ملک بھر میں جلسے اور مظاہرے منسوخ کر دیے ہیں اور گرفتاریوں و دیگر مسائل سے بچنے کے لیے نئی حکمت عملی اپنائی ہے۔ اس حکمت عملی کے تحت پارٹی نے 8 نومبر کو پشاور میں ہونے والا جلسہ بھی منسوخ کر دیا ہے اور اس کی جگہ صوابی میں احتجاجی دھرنا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے تصدیق کی ہے کہ دھرنے کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، اور اسے 10 تاریخ کے بعد کسی مناسب دن منعقد کیا جائے گا۔
دھرنا صوابی میں ایک ایسے مقام پر دیا جائے گا جہاں قیام و طعام کی سہولت میسر ہو۔ دھرنا کم از کم تین روز تک جاری رہے گا، اور اس میں ملک بھر سے پارٹی کارکنان و رہنما شرکت کریں گے۔ ہر روز پارٹی کے مرکزی و صوبائی قائدین دھرنے سے خطاب کریں گے۔
اعلان کیا گیا ہے کہ بانی عمران خان کی رہائی کے لیے پرامن عوامی تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ اس تحریک کا مقصد عمران خان کی رہائی ہے اور جعلی مقدمات کے خلاف قانونی و آئینی جدوجہد کر کے انہیں باہر نکالنا ہے۔ روف حسن کے مطابق عدلیہ میں تبدیلی کے بعد اب فیصلے انصاف کے مطابق ہونے کی توقع ہے، اور اپوزیشن کے ساتھ روابط کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔