news
گریڈ 1 سے 22 کے ملازمین پر کرایے کی نئی شرحوں کا اطلاق
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت نے تمام گریڈز کے ملازمین کے لیے گھروں کے کرایوں کی حد میں 45 فیصد اضافہ کردیا ہے جس میں سب سے زیادہ اضافہ اسلام آباد میں کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نظر ثانی شدہ نرخوں کا اطلاق وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، منسلک محکموں اور اسلام آباد، راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور کے ماتحت دفاتر میں کام کرنے والے گریڈ 1 سے 22 تک کے ملازمین پر ہوگا۔
گریڈ 22 کے ملازمین کے لیے اسلام آباد میں گھر کا کرایہ ایک لاکھ 42 ہزار 743 روپے ماہانہ جبکہ دیگر شہروں میں ایک لاکھ 25 ہزار 989 روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد کے لیے یہ حد 98 ہزار 444 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 89 ہزار 230 روپے تھی۔
گریڈ 21 کے ملازمین کو اسلام آباد میں ایک لاکھ 19 ہزار 278 روپے ماہانہ اور دیگر شہروں میں 98 ہزار 378 روپے ماہانہ ملیں گے جو بالترتیب 82 ہزار 261 اور 71 ہزار 107 روپے ہیں۔اسلام آباد میں گریڈ 20 کے ملازمین کے کرایوں کی حد 68 ہزار 700 روپے اور 59 ہزار 79 روپے سے بڑھا کر 99 ہزار 615 روپے اور دیگر شہروں میں 82 ہزار 696 روپے کردی گئی ہے۔
گریڈ 19 کے ملازمین اب اسلام آباد میں 79 ہزار 320 روپے اور دیگر شہروں میں 65 ہزار 542 روپے کے حقدار ہیں جو 54 ہزار 704 اور 46 ہزار 816 روپے ہیں۔
گریڈ 17 اور 18 کے لیے اسلام آباد کے لیے نئی حد 59 ہزار 669 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 49 ہزار 808 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ حد 41 ہزار 147 اور 35 ہزار 898 روپے تھی۔
گریڈ 14 سے 16 کے لیے اسلام آباد کے لیے حد 45 ہزار 73 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 37 ہزار 665 روپے مقرر کی گئی ہے۔
گریڈ 11 سے 13 تک کے ملازمین کو اب اسلام آباد میں 35 ہزار 878 روپے اور دیگر شہروں میں 30 ہزار 815 روپے ملیں گے جو 24 ہزار 744 اور 21 ہزار 462 روپے تھے۔ گریڈ 7 سے 10 کے لیے اسلام آباد کے لیے نئی قیمتیں 23 ہزار 784 روپے اور دیگر شہروں کے لیے 20 ہزار 112 روپے مقرر کی گئی ہیں جو 16 ہزار 403 روپے اور 14 ہزار 682 روپے ہیں۔
گریڈ 3 سے 6 تک کے ملازمین کو اب اسلام آباد میں 15 ہزار 921 روپے اور دیگر شہروں میں 13 ہزار 230 روپے ملیں گے۔
گریڈ 1 اور 2 کے سب سے نچلے درجے کے ملازمین کے لیے اسلام آباد میں حد بڑھا کر 10 ہزار 192 روپے اور دیگر شہروں میں 9 ہزار 590 روپے کردی گئی ہے۔
نئی شرحوں کا اطلاق ان تمام نئے ملازمین اور موجودہ ملازمین پر ہوتا ہے جو اپنے کرایہ کا ایک حصہ براہ راست پراپرٹی کے مالک کو ادا کرتے ہیں۔