فیشن
اُجلی رنگت، گورا مکھڑا، اُس پہ روپہلی ہے پوشاک
پچھلے دِنوں معروف ٹی وی آرٹسٹ، سجل علی نے کسی قدر زرق برق لباس میں اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی
تحریر: نرجس ملک
ماڈل: ماریہ شیخ
ملبوسات: عرشمان بائے فیصل رضا
آرائش: SLEEK BY ANNIE
کوآرڈی نیشن: وسیم ملک
عکّاسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
پچھلے دِنوں معروف ٹی وی آرٹسٹ، سجل علی نے کسی قدر زرق برق لباس میں اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی اور تصویر کے ساتھ خُوب صُورت اداکار، قلم کار، ڈراما نگار سیّد محمّد احمد کا ایک قول بھی تحریر کیا کہ ’’اپنےکپڑے، جوتےخاص مواقع کےلیے سنبھال رکھنا چھوڑ دیں۔ جب، جہاں ممکن ہو، اُنہیں استعمال کریں کہ دورِ حاضر میں زندہ رہنا بذاتِ خُود ایک موقع ہے۔‘‘ گرچہ بات تو بالکل سادہ سی ہے، لیکن سیدھی دل میں جا اُتری کہ واقعی ہم اپنے ’’کل‘‘ کی فکر میں ’’آج‘‘ کو یادگار بنانے کے کتنے حسین لمحات، کتنے اہم مواقع کیسے ضائع کر دیتے ہیں، خصوصاً بے وجہ بننے سنورنے، خُوب صُورت نظر آنے، خُود کو اوردوسروں کو اچھا لگنے، خُوش ہونے اور خُوش نظر آنے کے کئی شان دارمواقع۔ کیوں کہ بہرحال یہ تو سو فی صد حقیقت ہے کہ ایک عورت کو جتنی خُوشی خُود کو آئینے کی نگاہ میں حسین دیکھ کے، کسی کی تعریفی نگاہیں، توصیفی جملے پا کے ہوتی ہے، شاید ہی کسی اور بات سے ہوتی ہو۔