news
سپریم کورٹ: مخصوص نشستوں کے کیس میں سنی اتحاد کونسل کی تمام درخواستیں مسترد
سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں سنی اتحاد کونسل کی جانب سے بینچ پر اعتراضات اور 26ویں آئینی ترمیم کو مقدم رکھنے کی درخواست مسترد کر دی۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 11 رکنی آئینی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ موجودہ بینچ ہی کیس کی کارروائی جاری رکھے گا۔
سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ سنی اتحاد کونسل کا موجودہ بینچ پر اعتراض غیر مؤثر ہے اور بینچ کی آئینی حیثیت برقرار ہے۔ عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے مقدمے کی براہ راست نشریات، بینچ کی تشکیل نو اور مقدمے کے التوا سے متعلق تمام متفرق درخواستیں بھی مسترد کر دیں۔
تاہم، عدالت نے کیس کی سماعت کو براہ راست نشر کرنے کی اجازت دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کو لائیو اسٹریمنگ کے فوری انتظامات کی ہدایت جاری کی ہے۔
عدالت نے مخصوص نشستوں کے حوالے سے نظرثانی درخواستوں کی سماعت 26 مئی تک ملتوی کر دی۔ سنی اتحاد کونسل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ پہلے 26ویں آئینی ترمیم کی سماعت کی جائے اور نظرثانی بینچ میں اُن ججز کو شامل کیا جائے جنہوں نے 12 جولائی 2023ء کو فیصلہ سنایا تھا، تاہم عدالت نے یہ مؤقف مسترد کر دیا۔
news
جھانوی کپور نے شوہر میں پسندیدہ خصوصیات بتا دیں
بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ اور آنجہانی سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور نے حالیہ تقریب میں اپنے ممکنہ شوہر میں مطلوبہ خوبیوں کا دلچسپ انداز میں ذکر کیا۔ فلم سنی سنسکاری کی تلسی کماری کے ٹریلر لانچ کے موقع پر جھانوی کپور سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے جیون ساتھی میں کون سی خصوصیات دیکھنا چاہیں گی؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ شخص مہذب، خوش مزاج اور کھانے کا شوقین ہونا چاہیے۔
جب ان سے شوہر کی آمدنی سے متعلق سوال کیا گیا تو جھانوی نے مسکراتے ہوئے کہا، ’’آمدنی زیادہ ضروری نہیں، کچھ بھی چلے گا۔‘‘ شادی سے متعلق سوال پر اداکارہ نے واضح کیا کہ فی الحال ان کی ساری توجہ اپنے فلمی کیریئر پر ہے اور ابھی شادی کے بارے میں سوچنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
اس دوران ایک رپورٹر نے ہنسی مذاق میں پوچھا کہ جھانوی کو پرپوز کون کرے گا؟ تو ان کے ساتھی اداکار ورون دھون نے فوراً روہت سراف کا نام لیا، جس پر روہت نے ہنستے ہوئے کہا، ’’میں شیکھر سے مار نہیں کھانا چاہتا۔‘‘ یہ جملہ اس لیے دلچسپی کا باعث بنا کیونکہ جھانوی کپور کا نام شیکھر پہاڑیا کے ساتھ جوڑا جاتا رہا ہے، اگرچہ دونوں نے اپنے تعلق کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
واضح رہے کہ جھانوی کپور، ورون دھون اور روہت سراف کی فلم سنی سنسکاری کی تلسی کماری 2 اکتوبر 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔
news
استاد امانت علی خان کو بچھڑے 51 سال گزر گئے، فن آج بھی زندہ
برصغیر کے عظیم کلاسیکل گلوکار اور پٹیالہ گھرانے کے مایہ ناز فنکار استاد امانت علی خان کو اس دنیا سے رخصت ہوئے 51 برس گزر چکے ہیں، مگر ان کا فن آج بھی زندہ ہے اور ان کی گائی ہوئی غزلیں و نغمے سننے والوں کے دلوں پر گہرا اثر چھوڑتے ہیں۔ امانت علی خان 1922 میں ہوشیار پور میں پیدا ہوئے اور موسیقی کی ابتدائی تعلیم اپنے والد اُستاد اختر حسین خان سے حاصل کی۔ وہ پٹیالہ گھرانے کے بانی علی بخش جرنیل کے پوتے اور معروف گلوکار استاد فتح علی خان کے بھائی تھے۔ دونوں بھائیوں نے مل کر گائیکی میں ایک نئی روح پھونکی اور بے پناہ مقبولیت حاصل کی۔
قیام پاکستان کے بعد استاد امانت علی خان لاہور آ گئے، جہاں انہوں نے ریڈیو پاکستان سے وابستگی اختیار کی اور کلاسیکل و نیم کلاسیکی موسیقی میں ایک منفرد اور قابلِ احترام مقام حاصل کیا۔ ان کے مشہور گیتوں میں ’ہونٹوں پہ کبھی ان کے میرا نام ہی آئے‘، ’چاند میری زمیں پھول میرا وطن‘ اور ’یہ آرزو تھی تجھے گل کے روبرو کرتے‘ آج بھی بے حد مقبول ہیں۔
استاد امانت علی خان کو ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔ وہ 17 ستمبر 1974 کو صرف 52 برس کی عمر میں وفات پا گئے، لیکن ان کی موسیقی اور اندازِ گائیکی آج بھی نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
- news2 weeks ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- news5 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- کھیل4 months ago
ایشیا کپ 2025: بھارت کی دستبرداری کی خبروں پر بی سی سی آئی کا ردعمل
- news5 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے