پنجاب میں ٹرانس جینڈرز کے لیے مریم نواز کا انقلابی ٹریننگ پروگرام

مریم نواز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے معاشرے کے کمزور اور نظر انداز طبقے، خصوصاً ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈرز کے لیے ایک ایسا پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے ذریعے انہیں باوقار زندگی گزارنے اور خود کفیل بننے کا موقع ملے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ٹیکنیکل اسکلز کی تربیت کا ایک جامع منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے جس سے یہ افراد بھیک مانگنے کے بجائے باعزت روزگار کما سکیں گے۔

اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت سولہ سو ٹرانس جینڈر افراد کو مختلف شعبوں میں مہارت سکھائی جائے گی۔ ان افراد کو آئی ٹی، فری لانسنگ، ہیلتھ کیئر، فیشن ڈیزائننگ، بیوٹی سروسز، کلنری آرٹس، سولر ٹیکنالوجی اور الیکٹریکل ورک سمیت کئی جدید اور روایتی شعبہ جات میں تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس اقدام کا مقصد صرف ان افراد کو ہنر سکھانا نہیں بلکہ انہیں معاشرے میں باوقار مقام دلانا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ ٹرانس جینڈر افراد کے ساتھ معاشرے کا سلوک ہمیشہ افسوسناک رہا ہے۔ انہیں روزگار کے مواقع نہیں دیے گئے، ان کا سماجی بائیکاٹ کیا گیا، جس کے باعث وہ مجبوری کے تحت بھیک مانگنے پر مجبور ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ثابت کرے گا کہ ٹیلنٹ کا کوئی جینڈر نہیں ہوتا۔ ہم صرف انہیں ہنر نہیں سکھا رہے بلکہ ان کی زندگیوں میں انقلاب لا رہے ہیں اور انہیں وہ عزت اور مقام دے رہے ہیں جس کے وہ حقدار ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو صرف تربیت دے کر چھوڑ نہیں دے گی بلکہ انہیں عملی طور پر کام کرنے کے مواقع بھی فراہم کرے گی تاکہ وہ خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ یہ قدم نہ صرف ایک طبقے کی زندگی بدلنے کا ذریعہ بنے گا بلکہ پورے معاشرے میں قبولیت، ہم آہنگی اور مثبت سوچ کو فروغ دے گا۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

backspace
caps lock enter
shift shift
صحافت نیوز کی بورڈ Sahafatnews.com   « » { } ~