news

وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک کے صدر کی ملاقات

Published

on

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کو فروغ دینے کے لیے “کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035)” کے تحت تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے ورلڈ بینک کی شراکت داری اور اجے بنگا کی قیادت میں بینک کی مؤثر حکمت عملی کو سراہا، خصوصاً کووڈ-19 اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون پر اظہارِ تشکر کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے صدر کو حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے سے بھی آگاہ کیا، جس میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری، موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ اور وسائل کو متحرک کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اصلاحات کے باعث پاکستان میکرو اکنامک استحکام کی راہ پر گامزن ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو چکا ہے، اور پائیدار ترقی کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔

وزیراعظم نے عالمی بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کی تاریخی معاونت کو سراہا اور اس کے مؤثر نفاذ کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان قریبی تعاون کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر صدر ورلڈ بینک نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ بینک پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی، اقتصادی اصلاحات اور موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version