news
حلیم عادل شیخ کی سندھ حکومت پر کرپشن اور نااہلی کے الزامات
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور سندھ اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے حالیہ بارشوں کے بعد شہر کی ابتر صورتحال پر سندھ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کی بارش نے کراچی کو مکمل طور پر مفلوج کر دیا، سڑکیں جھیلوں میں بدل گئیں، لاکھوں گاڑیاں پھنسی رہیں اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا، لیکن سندھ حکومت، پیپلز پارٹی کی کے ایم سی اور بلدیاتی ادارے کہیں دکھائی نہیں دیے۔ ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہ سال کی کرپشن اور نااہلی نے کراچی کو اس حال پر پہنچا دیا ہے جبکہ حکمران عیاشیوں میں مصروف رہے، عوام اپنی مدد آپ کے تحت مشکلات سے نمٹتے رہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے نمائندے اور تنظیمی کارکنان عوام کے درمیان موجود رہے اور خدمت کی۔ حلیم عادل شیخ کے مطابق کل کی بارش نے ایک بار پھر یہ ثابت کیا کہ پیپلز پارٹی کراچی دشمن جماعت ہے، جسے عوام کی مشکلات اور شہر کی تباہی سے کوئی غرض نہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 12 گھنٹوں کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ بارش ہوئی، جس میں گلشن حدید میں سب سے زیادہ 170 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اولڈ ایئرپورٹ ایریا میں 158 اور جناح ٹرمینل پر 152.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔ بارش کے بعد شہر کے کئی علاقے ڈوب گئے، یہاں تک کہ شارع فیصل بھی پانی میں ڈوب گئی جہاں گاڑیاں تیرتی نظر آئیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شارع فیصل کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ برساتی نالے صاف ہیں اور پانی کی نکاسی جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج اور کل مزید بارش اور اربن فلڈنگ کی وارننگ جاری کی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شہر میں عام تعطیل کا اعلان کیا اور شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔
news
اسٹیٹ بینک نے پرزم پلس متعارف کرا دیا
پاکستان میں جدید بینکاری کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے رئیل ٹائم انٹربینک پیمنٹ سیٹلمنٹ سسٹم کے جدید ورژن پرزم پلس کو متعارف کرایا ہے۔ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ نظام پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا نیا باب ثابت ہوگا۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی و بینکاری عہدیداران کے ساتھ ساتھ عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ گورنر کے مطابق گزشتہ برس پرانے نظام کے تحت 1043 کھرب روپے مالیت کی ٹرانزیکشنز پروسیس کی گئیں، جو ملک کی جی ڈی پی سے دس گنا زیادہ ہیں۔ ان میں سب سے بڑا حصہ حکومتی سیکیورٹیز کے لین دین کا تھا، جب کہ زیادہ تر ٹرانزیکشنز کسٹمر ٹرانسفرز پر مشتمل تھیں۔
جمیل احمد نے بتایا کہ ملک میں موبائل بینکنگ ایپس کے 2 کروڑ 80 لاکھ، برانچ لیس بینکنگ کے 7 کروڑ 10 لاکھ اور انٹرنیٹ بینکنگ کے ایک کروڑ 70 لاکھ صارفین اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان تیزی سے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کی طرف بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرزم پلس جدید عالمی معیار ISO 20022 پر مبنی ہے، جو مالیاتی لین دین میں شفافیت، سیکورٹی اور مربوط سہولت فراہم کرے گا۔ اس نظام میں لیکویڈیٹی مینجمنٹ، مستقبل کی ادائیگیوں کی شیڈولنگ، اور مرکزی سیکیورٹیز ڈپازٹری کے ساتھ انضمام جیسے فیچرز شامل ہیں، جو نیلامیوں اور اوپن مارکیٹ آپریشنز کو مزید آسان بنا دیں گے۔
گورنر کے مطابق ورلڈ بینک کے تعاون سے متعارف کرایا گیا یہ نظام پاکستان کی مالیاتی صنعت اور کاروباری طبقے کے لیے ایک انقلابی پیش رفت ہے۔
news
ماہرہ خان کا سیلاب اور بارشوں سے جڑا خوفناک ذاتی تجربہ
پاکستان کی نامور اداکارہ ماہرہ خان نے حالیہ بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران پیش آنے والا اپنا خوفناک تجربہ شیئر کیا ہے۔ انسٹاگرام پر ایک اسٹوری میں انہوں نے بتایا کہ نتھیا گلی سے واپسی کے وقت انہیں مسلسل یہ خوف لاحق رہا کہ کہیں لینڈ سلائیڈنگ یا اچانک آنے والا سیلابی ریلا انہیں اپنی لپیٹ میں نہ لے لے۔ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ راستے میں وہ بار بار بے بسی محسوس کر رہی تھیں اور ان کا ذہن بار بار ان ہزاروں متاثرین کی طرف جاتا رہا جو ان دنوں بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہو کر اپنی زندگیاں اور گھر بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ اداکارہ نے لکھا کہ قدرتی آفات کے سامنے انسان کتنا بے بس ہوجاتا ہے، یہ انہیں اب بخوبی سمجھ آیا ہے۔ ماہرہ خان نے تباہ کن بارشوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے خدا سے رحم اور حفاظت کی دعا بھی کی۔ واضح رہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں اور سیلاب کے باعث خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں 400 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ سندھ اور کراچی میں اربن فلڈنگ سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
- news4 months ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- news4 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news4 months ago
فرحان سعید کا بھارتی پابندی پر دلچسپ ردعمل: فن سرحدوں کا محتاج نہیں
- کھیل3 months ago
ایشیا کپ 2025: بھارت کی دستبرداری کی خبروں پر بی سی سی آئی کا ردعمل