news
وزیراعظم کا فنانس بل میں گرفتاری کے اختیارات پر نوٹس
وزیراعظم شہباز شریف نے فنانس بل میں ایف بی آر کو ٹیکس فراڈ کے الزامات پر تاجروں کی گرفتاری کے اختیار دینے کے معاملے پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک خصوصی کمیٹی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آر امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء برائے دفاع، قانون، تجارت، اقتصادی امور، اطلاعات، وزیر مملکت برائے ریلویز، چیئرمین ایف بی آر، ماہرین معیشت اور اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ سیلز ٹیکس نادہندہ گان کی گرفتاری کا اختیار 1990 کی دہائی سے قانون میں موجود ہے، تاہم اب اس اختیار کو مزید مؤثر اور عدالتی فیصلوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ترامیم کی گئی ہیں۔ تاہم، میڈیا اور کاروباری برادری کی جانب سے ان ترامیم پر سخت تحفظات سامنے آئے، جس پر وزیراعظم نے واضح ہدایت دی کہ قانون کو کسی صورت ٹیکس دہندگان یا تاجروں کو ہراساں کرنے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ باقاعدہ ٹیکس ادا کرنے والوں کی عزت ہمارے لیے مقدم ہے اور انہیں بلاوجہ تنگ کرنا قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے حکم دیا کہ ان قوانین میں تحفظ سے متعلق شقیں شامل کی جائیں تاکہ کسی قسم کے غلط استعمال کا امکان نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری کا اختیار صرف بڑے پیمانے کے ٹیکس نادہندہ گان تک محدود ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں چیک اینڈ بیلنس اور بیرونی نگرانی کا مؤثر نظام بھی قائم کیا جائے۔
واضح رہے کہ فنانس بل میں ایک شق کے تحت ایف بی آر کمشنرز کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ ٹیکس چوری یا فراڈ میں ملوث تاجروں کو بغیر وارنٹ گرفتار کر سکیں اور سزا کی مدت کو 10 سال تک بڑھایا جا سکے۔ اس اقدام پر تاجر تنظیموں اور کاروباری برادری نے شدید ردعمل دیا، جب کہ پاکستان بزنس کونسل نے وزیراعظم کو خط لکھ کر اس پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا اور کہا تھا کہ ایسے اقدامات سے کاروباری فضا شدید متاثر ہوگی۔
news
چین نے دنیا کا سب سے بڑا ڈرون ایئرکرافٹ “Jiu Tian” تیار کرلیا
لاہور: جدید عسکری تقاضوں میں ڈرون ٹیکنالوجی کو بنیادی اہمیت حاصل ہو چکی ہے اور اسی تناظر میں چین کی دو بڑی عسکری کمپنیوں کے اشتراک سے دنیا کا سب سے بڑا ڈرون بردار ایئرکرافٹ ’’Jiu Tian‘‘ تیار کرلیا گیا ہے، جو چینی دفاع کو مزید مضبوط کرے گا۔ اس جدید ایئرکرافٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ 4,300 میل تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور فضا میں سے 100 چھوٹے ڈرونز چھوڑنے کی طاقت رکھتا ہے، جن میں خودکش (کامی کا زے) اور مٹرگشت (لوئٹرنگ) ڈرونز شامل ہیں۔
یہ ایئرکرافٹ 11 ٹن وزنی ہے اور اس میں 6 ٹن وزن کے 100 ڈرونز بیک وقت لے جائے جا سکتے ہیں۔ ’’Jiu Tian‘‘ 49 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرے گا، جس کی بدولت اسے فضائی حملوں یا دفاعی نظام سے نشانہ بنانا انتہائی مشکل ہوگا۔ اس میں میزائل بھی نصب ہیں، جو اسے دشمن کے اندرونی علاقوں تک پہنچ کر خطرناک اہداف کو نشانہ بنانے کے قابل بناتے ہیں۔
ماہرین عسکریات کے مطابق یہ ڈرون بردار ایئرکرافٹ مستقبل کی جنگوں میں نہ صرف فیصلہ کن کردار ادا کرے گا بلکہ جدید جنگی حکمتِ عملی کا منظرنامہ بھی بدل کر رکھ دے گا۔ ’’Jiu Tian‘‘ کو دشمن کے گہرے علاقوں میں داخل ہو کر ڈرونز کا جھنڈ چھوڑنے اور ٹارگٹ کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے، جو کہ ایک بڑی دفاعی پیش رفت ہے۔
news
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران بھارت کی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم الخوارج سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ آپریشنز 15 اور 16 جون 2025 کو صوبہ خیبرپختونخوا کے اضلاع پشاور اور شمالی وزیرستان میں کیے گئے۔
پہلی کارروائی ضلع پشاور میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جہاں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی۔ سیکیورٹی فورسز نے محاصرہ کرکے مؤثر طریقے سے آپریشن کیا اور فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد چار خوارج کو ہلاک کر دیا، جن میں خارجی حارث اور خارجی بصیر بھی شامل تھے۔
دوسری کارروائی شمالی وزیرستان میں کی گئی، جہاں ایک اور بھارتی سرپرست دہشت گرد کو فائرنگ کے تبادلے میں جہنم واصل کیا گیا۔ دونوں کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا، جو ان کے دہشت گردانہ عزائم کی غمازی کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ عناصر ملک میں دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں اور سیکیورٹی فورسز دیگر بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستانی افواج اس عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ ملک سے بھارت کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا
- news2 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news2 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے
- news2 months ago
اداکارہ علیزہ شاہ نے سوشل میڈیا سے کنارہ کشی کا اعلان کر دیا
- news2 months ago
سی سی آئی کا دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ