news
عمران خان کے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کی عدالت سے منظوری
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9 مئی 2023 کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پولی گرافک، فوٹو گرامیٹک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کی اجازت دے دی ہے۔ جج منظر علی گل نے تحریری فیصلے میں کہا کہ یہ ٹیسٹ بے بنیاد اور قابل اعتبار شواہد میں فرق کرنے میں مددگار ہوں گے اور اس سے تفتیش کو شفاف بنانے میں سہولت ملے گی۔ عدالت نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وہ جیل میں ہی تمام ٹیسٹوں کے انتظامات کرے، جبکہ تفتیشی افسر کو 26 مئی تک مکمل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
فیصلے کے مطابق عمران خان کو دو بار نوٹس بھیجے گئے مگر انہوں نے ٹیسٹ کروانے کے نوٹسز کی وصولی سے انکار کیا۔ عمران خان کے وکلا نے اعتراض اٹھایا کہ ٹیسٹوں کی درخواست تاخیر سے دائر کی گئی جبکہ پراسکیوشن کا مؤقف ہے کہ وہ متعدد بار جسمانی ریمانڈ اور ٹیسٹ کی اجازت کے لیے عدالتوں سے رجوع کرتے رہے۔ عدالت نے یہ بھی قرار دیا کہ پراسکیوشن کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ کیس کو غیر ضروری طول نہیں دینا چاہتے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ ٹیسٹ صرف ایک شخص کے خلاف نہیں بلکہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کی کوشش ہیں۔
news
پنجاب سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے، عوام میں خوف و ہراس
صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کی گہرائی 14 کلومیٹر اور مرکز ساؤتھ ویسٹ لاہور تھا۔ زلزلے کے جھٹکوں نے لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، مریدکے، کامونکی اور ننکانہ کے علاقوں کو لرزا کر رکھ دیا، جس پر شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ پنجاب بھر کی ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر عمارتوں کی جانچ پڑتال کا آغاز کر دیا جبکہ پی ڈی ایم اے اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی سینٹرز الرٹ پر ہیں۔ تاہم، اب تک کسی بھی علاقے سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
دو روز قبل بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل اور گردونواح میں بھی شدید زلزلہ آیا تھا جس کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کے نتیجے میں کئی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ ماہرین ارضیات کے مطابق زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں پر مشتمل ہے: یوریشین، انڈین اور اریبین۔ ان پلیٹوں کے سرکنے سے زلزلے جنم لیتے ہیں اور ان کی لہریں دائرے کی صورت میں پھیلتی ہیں۔ پاکستان کا دو تہائی رقبہ فالٹ لائنز پر واقع ہے، یہی وجہ ہے کہ کراچی سے اسلام آباد، کوئٹہ سے پشاور، اور گلگت بلتستان تک ملک کے اکثر علاقے زلزلوں کے خطرے سے دوچار ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان زلزلوں کے حوالے سے پانچواں حساس ترین ملک مانا جاتا ہے، جہاں انڈین پلیٹ اور یوریشین پلیٹ کے مسلسل تصادم کے باعث زلزلوں کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے۔
news
پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی
پاکستان نے یکم جولائی کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ماہانہ صدارت سنبھال لی، جو کہ 2013 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ یہ پاکستان کا سلامتی کونسل میں بطور غیر مستقل رکن آٹھواں دور ہے، جو جنوری 2025 سے دسمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اگرچہ سلامتی کونسل کی صدارت انتظامی نوعیت کی ہوتی ہے اور ہر ماہ تبدیل ہوتی ہے، تاہم اس منصب کے ذریعے کسی ملک کو کونسل کے ایجنڈے، مباحثوں کی نوعیت اور ترجیحات کے تعین میں اثر انداز ہونے کا موقع ملتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 22 جولائی کو پاکستان کی میزبانی میں تنازعات کے کثیرالطرفہ حل پر ایک بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی۔ ایسے وقت میں جب سلامتی کونسل غزہ اور یوکرین جیسے اہم عالمی تنازعات پر عملی طور پر مفلوج دکھائی دیتی ہے، پاکستان کی قیادت اور سفارتی موجودگی عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں جب عالمی سفارتی نظام پر اعتماد کمزور ہوتا جا رہا ہے، پاکستانکے لیے یہ موقع نہ صرف اپنی مؤثر موجودگی کا مظاہرہ کرنے بلکہ فلسطین، کشمیر اور ترقی پذیر ممالک کے مؤقف کو اجاگر کرنے کا اہم موقع بن سکتا ہے۔
- news2 months ago
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
- news3 months ago
14 سالہ سدھارتھ ننڈیالا کی حیران کن کامیابی: دل کی بیماری کا پتہ چلانے والی AI ایپ تیار
- news2 months ago
وزیر دفاع خواجہ آصف: پاکستان کے وجود کو خطرہ ہوا تو ایٹمی ہتھیار استعمال کریں گے
- news2 months ago
سی سی آئی کا دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کا منصوبہ ختم کرنے کا فیصلہ