news
علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار، آڈیو لیکس کیس کی سماعت 6 مئی تک ملتوی
اسلام آباد:
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے آڈیو لیکس کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج رانا مجاہد رحیم کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی گئی۔
انسدادِ دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں بھی علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیکس کیس کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 6 مئی مقرر کی ہے جس میں ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں مقدمہ درج ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو 40 روزہ حفاظتی ضمانت دیتے ہوئے کسی بھی درج مقدمے میں گرفتاری سے روکنے کا حکم دیا تھا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسداللہ اور جسٹس صلاح الدین نے اس ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی، جہاں وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا تھا کہ وزیراعلیٰ اپنی سرکاری مصروفیات کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے۔
مزید برآں، شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے تھے۔ یہ مقدمہ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا تھا کہ علی امین گنڈاپور پشاور ہائی کورٹ سے ضمانت پر ہیں اور بریت کی درخواست پر سماعت کے لیے ان کی حاضری ضروری نہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے اس کیس کی سماعت 26 اپریل تک ملتوی کر دی۔
news
رانا ثناءاللہ کا بلاول کے بیان پر ردعمل: سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے
اسلام آباد:
وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی کا ایک قطرہ بھی استعمال نہیں کریں گے، نہروں کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کے ساتھ بیٹھ کر معاملہ حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرین انیشیٹو منصوبے پر عملدرآمد بھی ہم ہی کریں گے اور پیپلزپارٹی کو آن بورڈ لے کر دونوں صوبوں کے مفاد میں بہتر راستہ نکالیں گے۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ خطاب کے جواب میں کہا کہ سندھ میں چند نام نہاد قوم پرست جماعتیں پیپلز پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہیں، تاہم وفاقی حکومت نہ صرف پیپلز پارٹی کے مؤقف کو سنجیدگی سے لے رہی ہے بلکہ باہمی مشاورت سے مسائل کا حل چاہتی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ نہروں کے مسئلے پر کوئی جھگڑا نہیں، اس معاملے پر بیٹھ کر گفت و شنید سے حل نکالا جائے گا۔ ہمارا مقصد صرف پنجاب اور سندھ کی بنجر زمینوں کو زرخیز بنانا ہے، نہ کہ کسی صوبے کا پانی چھیننا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو مسئلہ پیدا کیا ہے، وہ ان کا اپنا پیدا کردہ ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ 6 افراد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کر سکتے ہیں، اور ملاقاتیں کرانے کی ذمہ داری جیل سپرنٹنڈنٹ اور عملے کی ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جیل حکام کو طلب کر کے پوچھا جائے کہ رکاوٹیں کیوں ڈالی جا رہی ہیں۔
رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں چاہتی، لیکن اگر جیل حکام یا دیگر اداروں کو گالیاں دی جائیں گی یا تضحیک کا نشانہ بنایا جائے گا تو اس کے ردعمل کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر ہی عائد ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو چاہیے کہ سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور مذاکرات کی راہ اپنائے، ورنہ بعد میں شکایات نہ کریں۔
news
امیشا پٹیل کی نئی تصویر پر مداحوں کے سوالات: کیا اداکارہ حاملہ ہیں؟
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ امیشا پٹیل نے حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کی ہے، جس نے انٹرنیٹ پر ہلچل مچا دی ہے۔
یہ تصویر دیکھ کر مداحوں اور نیٹیزنز میں یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں کہ شاید اداکارہ حاملہ ہیں۔ امیشا کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
اگرچہ امیشا نے اپنی پوسٹس میں اس بارے میں کچھ نہیں کہا، لیکن ان کے انداز اور لباس نے لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے کمنٹس میں اپنی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا، “کیا واقعی امیشا ماں بننے والی ہیں؟”
اداکارہ کی جانب سے ابھی تک ان افواہوں پر کوئی باضابطہ جواب نہیں آیا، لیکن ان کی تصاویر نے مداحوں کے درمیان کافی تجسس پیدا کر دیا ہے۔
اب سب کو یہ جاننے کا انتظار ہے کہ امیشا پٹیل خود کب اس معاملے پر کوئی وضاحت کرتی ہیں۔
- سیاست8 years ago
نواز شریف منتخب ہوکر دگنی خدمت کریں گے، شہباز کا بلاول کو جواب
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
راحت فتح علی خان کی اہلیہ ان کی پروموشن کے معاملات دیکھیں گی
- کھیل8 years ago
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ساتھی کھلاڑی شعیب ملک کی نئی شادی پر ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
- انٹرٹینمنٹ8 years ago
شعیب ملک اور ثنا جاوید کی شادی سے متعلق سوال پر بشریٰ انصاری بھڑک اٹھیں