افواج پاکستان ملک بھر میں دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے کچی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 27 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے پر مؤثر کارروائی کی اور اس کا گھیراؤ کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے اسلحہ اور گولہ بارود کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے اور یہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے انتہائی مطلوب تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے امن و استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے وہ پرعزم ہیں۔