پاک فوج ملک بھر میں خوارج اور ان کے سہولتکاروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ خیبرپختونخواہ میں سکیورٹی فورسز نے تین مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران 19 خوارج کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ، آئی ایس پی آر کے مطابق، خیبرپختونخواہ کے مختلف مقامات پر سکیورٹی فورسز نے خوارج کے خلاف تین آپریشنز کیے، جن میں 19 دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
سکیورٹی فورسز نے پشاور کے علاقے متنی میں ایک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 8 خوارج ہلاک ہوئے۔ اسی طرح، ضلع مہمند کے علاقے بازئی میں بھی ایک آپریشن کیا گیا، جس میں سکیورٹی فورسز نے آٹھ دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ کرک میں ہونے والے ایک آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد بھی جہنم واصل ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، ان آپریشنز میں جام شہادت نوش کرنے والے بہادر جوانوں میں لانس حوالدار عباس علی، نائیک محمد نذیر، اور نائیک محمد عثمان شامل ہیں۔