film
الو ارجن جیل سے رہا، مداحوں کو پیغام دیا
حیدرآباد دکن: تامل فلم پشپا کے مشہور اداکار الو ارجن کو آج صبح حیدرآباد دکن کی جیل سے رہا کر دیا گیا۔ رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الو ارجن نے افسوسناک واقعے پر معذرت کی اور متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔
الو ارجن نے کہا، “جو کچھ ہوا اس پر افسوس ہے اور میں دل سے معذرت خواہ ہوں۔ میں اپنے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ وہ میرے ساتھ کھڑے رہے۔ ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ فکر کی کوئی بات نہیں۔” انہوں نے مزید کہا کہ وہ قانون کی پابندی کرنے والے شہری ہیں اور مقدمے کے سلسلے میں پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
اداکار الو ارجن کو گزشتہ روز حیدرآباد میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کی گرفتاری 4 دسمبر کو فلم “پشپا 2” کے پریمیئر کے دوران بھگدڑ کے نتیجے میں ہونے والے حادثے کے باعث عمل میں آئی۔ اس واقعے میں ایک 39 سالہ خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں، جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہوگیا تھا۔
پولیس کے مطابق بھگدڑ اس وقت شروع ہوئی جب فلم کے پریمیئر کے لیے بڑی تعداد میں مداح اکٹھے ہوگئے اور صورتحال قابو سے باہر ہوگئی۔ اس افسوسناک حادثے کے بعد الو ارجن کو تحقیقات کے لیے گرفتار کیا گیا تھا۔
الو ارجن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لیے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے اپنی جانب سے ہر ممکن اقدام کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔
یہ واقعہ فلم انڈسٹری اور ان کے مداحوں کے لیے افسوسناک ہے، لیکن الو ارجن نے اپنی معافی اور تعاون کے عزم سے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔